showcase demo picture

میرے مہمان

میرے مہمان
3 پارٹ
کھانا اگرچہ بہت دیر سے شروع ہوا تاہم جس وقت مہمان کھانا کھا رہے تھے محترمہ کلکیریا کارب پسینے میں نہائی ہانپتے کانپتے اس وقت ہال میں داخل ہوئی۔یہ اپنے دوستوں میں خوش خوراکی اور خوش لباسی کے حوالے سے خاص پہچان رکھتی ہیں۔جدید ہیئرسٹائل اور میک اپ کے ساتھ پینتیس سال میں بھی پچیس کی نظر آ رہی تھیں۔یہی حال برائٹاکارب کا تھا۔ عمر کے حوالے سے ان کا چہرہ جھوٹ بولتا ہے۔کھانا شروع ہونے سے پہلے مہمان مختلف ٹولیوں میں بٹے آپس میں گپ شپ میں مصروف تھے۔جان ِمحفل فاسفورس کے گرد جمگھٹالگا ہوا تھا۔ محفل لگانا اور دوسروں کے دل میں جگہ بنالیناخوبرو فاسفورس کا کمال ہے۔ لوگ اس کی طرف کھنچے چلے آتے ہیں۔ فاسفورس دوسروں کو اپنی طرف کھینچنے کی سورائی صفت کا حامل ہے۔فاسفورس کو دوست بنا تے دیر نہیں لگتی۔ گاڑی میں ساتھ بیٹھے مسافر کی اگلی منزل آنے سے پہلے اس کی دوستی ہو جاتی ہے۔ دوستی کے معاملے میں آرسنکم بھی پیش پیش ہو تا ہے لیکن اس کا مقصد اپنی ذات کو تحفظ دینا ہو تا ہے کہ وقت پر کام آئے گا۔ اس نے ہر محکمے میں کو ئی نہ کوئی دوست بنا رکھا ہو تا ہے۔ محفل میں کسی نے داستان ِالم بیان کرنی شروع کردی۔جسے سن کر بہت سے لوگ اداس ہو گئے۔خصوصاً کلکیریا کارب، فاسفورس، آئیوڈیم،سٹیفی اور کاسٹیکم نے بہت اثر لیا۔لیکن سائی کیوٹا کی حالت تو دیدنی تھی۔اس پر ڈیپرشن طاری ہوگئی،بھوک پیاس اڑ گئی اور وہ تقریب سے کھانا کھائے بغیر واپس چلی گئی۔
دوستیاں بنانے میں فاسفورس اور پلسٹیلاکا کوئی ثانی نہیں۔فاسفورس دوستی کی طرف کھنچا چلا جاتا ہے جبکہ پلسٹیلا مقناطیس کی طرح دوسروں کو اپنی طرف کھینچ لیتا ہے، دونوں کی طبعیت شام کو خراب ہو جاتی ہے اور دونوں کو اندھیرے سے ڈر لگتا ہے۔یہاں بھی دونوں شمع محفل بنے ہوئے تھے۔کسی نے یہ شعر ان دونوں کی نذر کیا۔
رخِ روشن کے آگے وہ شمع رکھ کر یہ کہتے ہیں
اِدھر جاتا ہے دیکھیں یا اُدھر پروانہ جاتا ہے
پلسٹیلا اور نیٹرم کارب بہترین دوست شخصیا ت ہیں۔ نیٹرم کارب اس لئے کہ یہ کسی کا دل نہیں دکھاتی۔ کسی سے گلہ شکوہ نہیں کرتی۔ اس لئے لو گ اس کے دوست بن کر خوش رہتے ہیں۔ وینیڈیم بھی دوستی کے معاملے میں بڑے جینٹل مین ہو تے ہیں۔ فاسفورس کی ذات میں جذبہ ایثار کوٹ کوٹ کر بھرا ہو تا ہے، یہی وجہ ہے کہ یہ ہر جگہ ہر ماحول میں دلعزیز ہے۔ لوگ اس کی راہ میں آنکھیں بچھاتے ہیں۔ یہ لو گ زندگی کے روشن پہلو پر نظر رکھتے ہیں۔ نیٹرم میور کی طرح دکھوں کو سینے سے لگائے رکھنے کی بجائے سلفر کی مانند رات گئی ، بات گئی کے قائل ہو تے ہیں۔ جب کہ نیٹرم میور کا تو یہ حال ہے کہ
جوانی ڈھل چکی لیکن خلش تیرِ محبت کی
جہاں محسوس ہوتی تھی وہیں محسوس ہوتی ہے
جبکہ تھوجا اور میڈرورینم سے ایک ملاقات کے بعد دوبارہ ملنے کو جی نہیں چاہتا۔ارجنٹم، مرکیورس، ٹیوبر، میڈورینم، نکس، سلیشیا اور سلفر وکھری طرز کے لوگ ہوتے ہیں، اپنی مرضی کے مالک۔دوسروں پر کم انحصار کرتے ہیں۔ وریٹرم البم بھی شومارنے کے فن میں لائیکو کے ہم پلہ ہے، سچ نہیں بولتا اور پلاٹینا کی مانند اپنے سٹیٹس کا بہت خیال رکھتا ہے۔ایک جانب بیٹھا اپنے ناخن چبا رہا تھا۔ناخنوں سے فارغ ہوتا تو ہونٹ چبانے لگتا۔ گوتم بدھ کا مزاج رکھنے والے محترم کینابس انڈیکا بھی تشریف فرما تھے۔ایسی لطف اندوزی پسند کرتے ہیں جس میں کوئی رسک نہ ہو۔محفل میں کسی نے لطیفہ سنایا تو ان کے ساتھ کھلکھلا کر ہنسنے والوں میں ہائیوسائیمس، سٹرامونیم اور فاسفورس شامل تھے۔
ایک میز پر سورائی عالیجا ہ سلفر اپنے علم کی دھاک بٹھا رہے تھے۔ اور لوگ ان سے خاصے مرعوب نظر آرہے تھے۔محفل میں موجود بچے اور بڑے سب ان کی باتوں سے محظوظ ہو رہے تھے۔کچھ لو گوں کا خاصہ ہو تا ہے کہ وہ اپنے آپ کو دوسروں سے برتر سمجھتے ہیں۔ خبطِ عظمت میں مبتلا ایسی شخصیات میں سلفر، پلاٹینا اورلائیکو پوڈیم شامل ہیں۔ تھوجا ان کی ہاں میں ہاں ملا رہا تھا، سلفراور نکس کو ہمیشہ ہر محفل میں تھوجا جیسے لو گوں کی ضرورت پڑتی ہے، جو اس کی ہاں میں ہا ں میں ملا سکیں، خوشامد کرتے پھریں۔ آرسنکم بھی تھو جا کی مانند مطلب براری کی خاطر دوسروں کو خوش کرنے کا فن جانتا ہے۔ تھوجا آرسنکم کی مزمن بھی ہے۔ایک موقع پرسلفر، لائیکو اور ارجنٹم نائیٹرکم بحث مباحثہ میں الجھ گئے۔کیا برابر کی ٹکر تھی، کوئی ہار ماننے اور پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں تھا بالاخر سلفر نے ہی مٹی پاؤ فارمولے پر عمل کرتے ہوئے موضوع سمیٹا۔ لیکن لائیکوپوڈیم پر شاعرانہ وار کرتے ہوئے کہا،
جب بھی آتی ہے محبت میں کوئی مشکل گھڑی
اپنا آئین وفا تبدیل کر لیتا ہوں میں

Posted in: Urdu
Return to Previous Page

Leave a Reply

Your email address will not be published.

Theme Features

Welcome to the Zen Theme which is best used for personal blogging. Here is a list of some of the special features you will be able to take advantage of when customizing your website and blog:
  • Theme Control panel
  • Customize colours, layout, buttons, and more
  • Dynamic widgets with varied widths
  • Up to 8 Widget Positions
  • Built-in Social Networking
  • Google Fonts for Headings and site title
  • and a lot more...

Relax With Herbal Teas

When enjoying your moment of zen, it's best to enjoy fresh herbal teas for relaxation. Of course, choosing the right zen teas requires the expertise of asian herbalists.

Recent Posts

Check out the recent articles posted here at Zen and keep up to date with the latest news and information about having a zen lifestyle.