میرے مہمان
4 پارٹ
بربرس ولگیرس آج کل بواسیر اور جوڑوں کے دردوں میں مبتلا ہیں۔ کھانے پینے میں پرہیز نہیں کرتے۔نکس کی طرح ہوٹلنگ کے رسیا ہیں۔محفل میں قناعت پسندنیٹرم کارب بھی تشریف لائی تھی۔ اس کی بہت اچھی عادت ہے کہ گلے شکووں میں نہیں پڑتی۔ فوراًمعاف کر دیتی ہے۔بڑی سلیقہ شعار،وفادار،سوشل اورصاف گو خاتون ہے۔سینے میں درجنوں غم پالنے کہ باوجود مسکراہٹیں بکھیر رہی تھی، اس کے گرد بھی دوستوں کاجمگھٹالگا ہوا تھا۔دوسروں کی خوشی کا خیا ل رکھنے میں سٹیفی اور کارسی نوسن بھی شامل ہیں لیکن اس کے لیے انہیں بہت ٹول ٹیکس دینا پڑتا ہے۔ اس حوالے سے وینیڈیم لوگ بڑے شریف النفس ہوتے ہیں، دوسروں پر اپنی رائے مسلط کرنے کی بجائے دوسروں کی رائے کا احترام کرتے ہیں اور ان کی خوشی کا خیا ل رکھتے ہیں۔دوسروں کو خوش رکھنے میں کالی بائی کرومیکم کا بھی کردار ہے۔ تاہم یہ لو گ اپنی شخصیت کا مثبت پہلو نمایاں کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔
جان سکالٹن کے بقول میگنیشیا فیملی کے لو گ با العموم دوسروں کے ہمدرد اور مدد گار ہو تے ہیں اور ان کی خوشیوں کا خیال رکھتے ہیں۔
ساتھ والی میز پر مسٹر لائیکو اپنے آپ کو نمایاں کرنے کی خاطر حسب معمول مبالغہ آرائی سے کام لے رہے تھے۔ مثلاً یہ کہ ان کے پاس ہومیوپیتھک کتابوں کا بہت بڑا ذخیرہ ہے۔ فلاں وزیر اور جنرل صاحب ان کے ذاتی دوستوں میں شامل ہیں۔کہنے لگے، روزانہ پانچ سو مریض دیکھتا ہوں۔ جارج وتھالکس کئی بار یونان آنے کی دعوت دے چکا ہے۔ کیا کروں مریضوں سے ہی فرصت نہیں ملتی۔سارے شہر میں ایک میں ہی ہوں جس کی وجہ سے ہومیوپیتھی کا بھرم قائم ہے۔روحی کنجاہی نے اپنا یہ شعر لائیکو کی نذر کیا ہے۔
خود کو بڑھا چڑھا کے بتائے ہیں یار لوگ
حالانکہ اس سے فرق تو پڑتا نہیں کوئی
لائیکو پوڈیم ایک ایسی شخصیت کا نام ہے جو بیک وقت رام کو بھی راضی رکھنا چاہتی ہے اوراللہ کو بھی۔تھوجا کی مانند یہ بیک وقت کئی چینلوں سے مختلف نشریات نشرکرنے کے فن سے آشنا ہو تا ہے۔ جس پارٹی کا امیدوار اس سے ووٹ مانگے گا اسی کو حامی بھر لے گا۔پتانہیں چلتا کہ یہ دائیں پہلو کا حامی ہے یا بائیں کا۔ لائیکو مسجد سے نکل کر کلب کا رخ کرنے میں کو ئی مضائقہ نہیں سمجھتا۔ لائیکوپوڈیم ایسے بھی ہوتے ہیں
سمجھ میں کچھ نہیں آتا، یہ مسجد ہے یا مہ خانہ
جنابِ شیخ کا نقشِ قدم یوں بھی ہے اور یوں بھی
جیسے ایلو مینا کا مریض ذہنی سطح پر منقسم ہوتا ہے ویسے ہی لائیکو پوڈیم جذباتی سطح پر منقسم ہو تا ہے۔ (حوالہ۔E.F.Condegabe) لائیکو پوڈیم جماندرو مغرور ہو تا ہے۔(ڈکٹیٹر)